سٹار لنک کو لائسنس اجرا کیلئے لازمی دستاویز جمع کرانیکی ہدایت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سٹار لنک کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس لائسنس جاری کرنے کیلئے لازمی دستاویز جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
سٹارلنک کو لائسنس جاری کرنے کیلئے لائسنسنگ فیس ،بینک گارنٹی سمیت لازمی دستاویز دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ لازمی دستاویز ،بینک گارنٹی کی تصدیق کیلئے 3 سے 4 ہفتے کا وقت درکار ہو گا۔ سٹار لنک لائسنس فیس کی مد میں 640 ملین ڈالر اور بینک گارنٹی کی مد میں 10 ملین ڈالر دے گی۔ پی ٹی اے نے سٹارلنک کو لائسنس جاری کرنے کیلئے قواعد کے مطابق شرائط پوری کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ لائسنسنگ ڈائریکٹوریٹ نے سٹار لنک کو انٹرنیٹ سروس کا لائسنس جاری کرنے کے قواعد و ضوابط اور شرائط پوری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ پی ٹی اے لائسنس فیس، بینک گارنٹی سمیٹ دیگر شرائط پوری ہونے اور کمپنی کی دیگر دستاویز کی تصدیق کے بعد سٹار لنک کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کیلئے لائسنس جاری کرے گی۔