حکومت بجلی آسانی سے 10روپے سستی کرسکتی :گوہراعجاز
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق نگران وفاقی وزیر گوہراعجاز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ مثبت خبر ہے ، دوسری اہم بات یہ ہے کہ پوری قوم کا ایک ہی سوال ہے کہ بجلی کی قیمت 31مارچ کے بعد کیا ہو گی؟۔۔۔
بجلی کا بل گزشتہ گرمیوں میں مشکلات پیدا کردیتا تھا،یہاں تک کہ لوگوں نے زیورات تک بیچ ڈالے ۔ دنیانیوز کے پروگرام دنیا مہربخاری کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہاوزیراعظم نے 23مارچ کوبجلی سستی کرنے کا وعدہ کیا تھا،اب اعلان ہوا کہ بجلی اگلے ہفتے سستی ہوگی، حکومت دس روپے یونٹ بجلی کی قیمت آرام سے کم کر سکتی ہے ۔ گوہراعجاز کا کہنا تھا کہ بارہ فیصد سود پرہم ترقی نہیں کرسکتے ،شرح سود کو 9 فیصد پرلانا ہوگا، ٹیکس لگانے کی بجائے اخراجات کم کریں۔ اس موقع پرمشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا وزیر اعظم جلد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرینگے ،کابینہ اجلاس میں قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے ،پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے ،بجلی نرخوں میں کمی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے ، شرح سود مسلسل کم ہو رہی ہے ۔سابق مشیر خزانہ ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں،آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا یہ بڑی پیشرفت ہے ، معیشت میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں ۔