غزہ پر اسرائیلی جارحیت : جماعت اسلامی کا 20 اپریل کو امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ
لاہور(سیاسی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے آج پیر سے پارٹی کی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر کرنے کا اعلان کردیا۔ منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی آج سے اپنی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ 11 اپریل کو ملک بھر میں غزہ کی حمایت میں احتجاج کریں گے، 13 اپریل کو کراچی میں فلسطین مارچ ہوگا، 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پارلیمنٹرین کا وفد ترکیہ، ایران، ملائیشیا سعودی عرب، مصر سمیت مسلم ممالک سے بات کرے کہ اسرائیلی گھیراؤ کو توڑا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں فلسطین کے معاملہ پر قبرستان جیسی خاموشی ہے ، امریکا، برطانیہ اور یورپ کے چہرے کا نقاب اتر چکا ہے ، ثابت ہوگیا مغرب آج بھی اتنا ہی وحشی ہے جتنا ڈارک ایجز میں تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک نے بھی بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے ، مسلم ممالک غیرت کا مظاہرہ کرتے تو جو کچھ آج غزہ میں ہورہا ہے شاید ایسا نہ ہوتا۔دنیا میں فلسطین کے معاملے پر قبرستان جیسی خاموشی ہے اور مغرب طے کرچکا ہے مرنے والے مسلمان ہوں گے تو آواز نہیں اٹھائی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے سارے ہسپتالوں کو تہس نہس کردیا گیا ہے ، مسلم ممالک میں اگر غیرت ہوتی تو اسرائیل درندگی نہ کرتا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ دو ریاستی نظریہ کو ماننے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، غزہ کی صورتحال پر کوئی بولنے کو تیار نہیں ہے ۔ ایک طرف عالم اسلام میں عید منائی لیکن دوسری طرف فلسطین میں عید الفطر کے موقع پر بچوں پر اسرائیل نے بمباری کی۔فلسطینی بچے جو میدان میں کھیل رہے تھے ان پر بم برسائے گئے ۔انسانی حقوق کی تنظیمیں جو جمہوریت و انسانیت کی بات کرتی ہے غزہ پر ظلم و ستم لب کشائی نہیں کررہیں۔فلسطین میں شاید کوئی بلڈنگ باقی سلامت بچی ہو اس پر دنیا کی بے حسی سے پتہ چلتا ہے تقسیم پیدا کی ہے ۔صہیونیوں سے مل کر امریکہ کے زیر سایہ معاہدہ کرکے خود کو محفوظ سمجھنے والے مسلم ملک نہیں بچیں گے ۔دو ریاستی نظریہ کو ماننے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔بات غزہ تک نہیں ویسٹ بینک کے بھی اسی ہزار گھروں کو تباہ کردیا ہے ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا ہے وہ نسل کشی کررہا ہے۔ آئندہ چند ماہ میں اقوام متحدہ کے نام فلسطینوں کے لئے خط لکھیں گے۔ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے حکومت سے بات کریں گے۔