اقتدار کیلئے دشمنوں سے مدد مانگنا بھی دہشت گردی ، حنیف عباسی
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے جو سیاستدان اقتدار حاصل کرنے کے لیے دشمنوں سے مدد اور دوست ممالک کو پاکستان کے ساتھ تعاون سے روکتے ہیں یہ بھی دہشتگردی ہے ۔
پیپلز پارٹی کے ساتھ ہماری گھر والی بات ہے نہروں سمیت دیگر مسائل بیٹھ کر حل کر لیں گے ،لاہور میں مغلپورہ ریلوے ورکشاپ میں دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا حکومت دن رات محنت کر رہی ہے ، ایک دو سال میں کسی مقام پر ملک کو لے کر جائیں گے پاکستان ہم سب کے لیے بہت عظیم ہے ۔ہمیں اپنی پوری صلاحیتیں پاکستان کو دینی چاہئیں جن خطرات سے ہم دوچار ہیں ان سے نمٹنے کے لیے سب کو ایک ہونا پڑے گا۔وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 70 ارب ڈالر کا بزنس صرف منرلزسے آرہا،گوادر پورٹ کسی کے باپ دادا کی نہیں 1958 میں پاکستان نے خریدی ہے ،جس طرح حکومت کام کررہی ہے دو تین سال میں ہم منزل پر پہنچ جائیں گے ،ان کا کہنا تھا جو ریلوے کے ذیلی ادارے ختم ہوئے ان میں جو ریلوے کے ملازم تھے وہ واپس آجائیں گے ۔