اسلام آباد میں گولوں کیطرح اولے پڑے ،گا ڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے
لاہور،اسلام آباد، پشاور،مری(اپنے رپورٹر سے ،خصوصی رپورٹر،نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)اسلام آباد میں موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی جس سے سڑکوں کنارے کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
گولوں کی طرح اولے پڑتے رہے جبکہ رات گئے لاہور میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔فیصل مسجدکے مرکزی ہال کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ،اسلام آباد کے مختلف علاقو ں، پوش سیکٹرز کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، ریڈ زون، پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف سڑکوں پر پانی کھڑا ہو نے اور بارش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی رہی ، مری میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،راولپنڈی میں بھی تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گولڑہ میں 9 بوگڑہ میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر ضلعی افسروں اورتمام اسسٹنٹ کمشنرز نے فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کاجا ئزہ لیا ، سی ڈی اے اور ایم سی آئی ٹیمز بھی اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ موجود رہیں،ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف رہیں ۔انتظامیہ کے مطابق اولے برسنے سے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ، مختلف علاقوں میں گاڑیوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں۔طوفانی بارش سے مختلف علاقوں میں دفاتر اورگھروں سے سولر پینلز بھی چھتو ں سے اڑ گئے ۔
اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری پر50 سے زیادہ بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے ، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی گرج، چمک کے ساتھ موسلار دھار بارش سے ندی، نالوں میں طغیانی آگئی۔ خیبر میں لنڈی کوتل اور گردونواح میں آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی،خیبر میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پاک افغان شاہراہ پر جگہ جگہ سیلابی ریلے بہنے لگے ۔ بارش کا پانی لنڈی کوتل بازار میں گاڑی بہاکر لے گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لوئر دیر میں تیز بارش سے ندی نالیوں میں طغیانی آگئی، دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، مردان کے علاقے تخت بھائی میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔طوفانی بارش پرضلعی انتظامیہ شانگلہ نے ضلع میں دفعہ 144 نافذ کر دی اور دریائے سندھ میں نہانے پر پابندی لگادی۔ راولپنڈی اور جہلم میں آندھی اور طوفان کیساتھ موسلادھار بارش سے دیواریں گرنے پر6 افراد جاں بحق، 19 زخمی ہوگئے ۔
تحصیل سوہاوہ میں بارش پردیواریں گرنے کے 3واقعات میں دو افراد جاں بحق ،عورت بچے سمیت8 زخمی ہوگئے ۔محلہ شہیداں میں لوڈر گاڑی پر ڈیرے کی دیوار گر گئی ، دو افراد موقع پر جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے جنہیں راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،دو کی حالت تشویشناک ہے ، پڑی درویزہ میں دیوار گرنے سے خاتون شدید زخمی ہوئی، سہالہ میں دیوار گرنے پر بچہ اور نوجوان شدید زخمی ہوگئے ۔ تھانہ رتہ امرال کے علاقہ میں مسجد کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 24سالہ موسیٰ جاں بحق ہوگیا جسکا تعلق ہزارہ کالونی سے ہے ۔جہلم میں12گھنٹے کے دوران 3مقامات پرحادثات ہوئے ،سوہاوہ میں بس کی بریک فیل ہونے سے 9 مسافر زخمی ہو گئے کار درخت سے ٹکرانے سے 2 افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے ، دینہ روہتاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق دوسزا زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیاجہاں 5کو نازک حالت میں راولپنڈی ہسپتال ریفر کردیا گیا ۔