ڈی چوک احتجاج :گواہوں کے بیانات قلمبند، وکلا سے دلائل طلب

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں زیر سماعت پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 26 نومبراحتجاج پر درج مقدمات میں گواہان کے بیانات قلمبند ہوجانے پر وکلاء صفائی سے دلائل طلب کرلیے۔۔۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے تھانہ رمنا کے دو مقدمات کی سماعت کے دوران مقدمہ نمبر 976 میں استغاثہ کے تمام گواہان کے بیانات ریکارڈ کرلیے جبکہ مقدمہ نمبر 977 میں بھی گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ، دوران سماعت پی ٹی آئی وکلاء کیجانب سے جرح کیلئے عدالت سے مہلت کی استدعا کی گئی، عدالت نے پی ٹی آئی وکلاء کو آئندہ سماعت پر ہر صورت میں جرح کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے دونوں کیسز پر مزید سماعت آج تک ملتوی کردی،جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں تھانہ ترنول کے مقدمہ کی سماعت کے دوران بھی پراسیکیوشن کے تمام گواہان کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے اور مزید سماعت آج تک ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور پر حملوں سمیت جلاؤ گھیراؤکے 8 مقدمات میں مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ کی عبوری ضمانت میں 10 مئی تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت گوجرانوالہ نے 9 مئی ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ، گھیراؤ جلاؤ مقدمہ میں زرتاج گل اور عمر ایوب کو 10 مئی کو دوبارہ طلب کر لیا۔پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ عمر ایوب پیش نہیں ہوئے ۔