لاہور گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا، وزیراعلیٰ ہائوس جانیکی کوشش، گرفتاریاں

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)نجکاری کے خلاف 22روز سے دھرنا پر بیٹھے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین نے سی ایم ہاؤس کی طرف مارچ کیااور کلب چوک پہنچ کر وزیر اعلیٰ آفس میں گھسنے کی کوشش کی، پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد ڈاکٹرز زخمی ہوگئے، ڈاکٹرز سمیت 100سے زائد دھرنا ملازمین کو گرفتار کرکے رہا کردیا گیا۔
وائے ڈی اے نے آؤٹ ڈور کے بعد آج سے آپریشن تھیٹرز کی ان ڈور سروسز بند کرنے جبکہ حکومت نے ڈاکٹرزکی غیرحاضری پرکارروائی کااعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کیا گیا جس کے باعث انکی پولیس سے جھڑپیں ہوتی رہیں اور سی ایم آفس میں گھسنے کی کوشش پر پولیس نے اچانک دھرنا ملازمین پر لاٹھی چارج شروع کردیا جس کے بعد متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا ۔پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی کی وجہ سے مال روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا ۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے قیدیوں کی وین کے شیشے بھی توڑ دئیے ،بعد ازاں ایک گھنٹہ بعد وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت تمام قیادت کو پولیس نے چھوڑ دیا جس کے بعد وائے کے عہدیداروں نے کلب چوک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پولیس گردی کے خلاف آج سے آپریشن تھیٹرز کی سروسز کو بند کررہے ہیں اور اگر مزید زیادتی کی گئی تو ہم ایمرجنسی سروسز بھی بند کردینگے ۔بعدازاں دھرنا ملازمین کی بڑی تعداد چیئرنگ کراس شفٹ ہوگئی جہاں پر تاحال دھرنا جاری ہے ۔دوسری طرف صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور عمران خواجہ عمران نذیر نے پریس کانفرنس اور اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹرز و سٹاف کی جانب سے گزشتہ روز والے احتجاج کی مذمت کرتے ہیں، مال روڈ پر پرامن مظاہرہ نہیں کیا گیا ،خواتین نے قینچیوں سے پولیس پر حملے کئے ، کسی ہیلتھ ورکر کو بے روز گار نہیں کر رہے ،بی ایچ ایوز کی نجکاری کا فائدہ عوام کو ہورہا ہے ۔اگر ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور اور آپریشن تھیٹرز میں ڈاکٹرز غیر حاضر ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، آج سے اوپی ڈیز میں پروفیسرز مریضوں کو چیک کرینگے ۔