سری لنکن ایئر لائن کی غفلت:بھارت سے میت کی بجائے خالی تابوت بھیج دیا
کراچی (سٹاف رپورٹر )بھارت کے شہر چنئی میں دوران علاج انتقال کرنے والے کوئٹہ کے 22 سالہ آریان شاہ کی میت کراچی پہنچائی جانی تھی تاہم سری لنکن ایئر لائن انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر صرف خالی تابوت پہنچایا گیا۔
غم سے نڈھال والدین بیٹے کی میت وصول کرنے کے لیے کرب ناک انتظار سے گزر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کا رہائشی آریان دل اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھا، جس کے علاج و ٹرانسپلانٹ کے لیے بھارت چنئی تامل ناڈو کے ہسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں گزشتہ جمعہ کو وہ انتقال کر گیا ، پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد آریان کی والدہ کو بھارتی حکومت نے ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ آپ کے بیٹے کی میت کو ہم بھجوا دیں گے لیکن ایسا کچھ نہ ہوا، آریان شاہ کے والدین کے مطابق میت بھارت سے براستہ سری لنکا کراچی بھیجی جانی تھی، مگر ایئرلائن نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خالی تابوت لیکر آئے ہیں اور اب کسی دستیاب پرواز سے میت روانہ کی جائے گی ۔