آجروں و ملازمین میں انصاف کیلئے کام کررہے :چیف جسٹس
اسلام آباد(اے پی پی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا عدلیہ مقام کار پر استحصال کو روکنے ، محنت کشوں سے متعلقہ قوانین کو نافذ کرنے اور آجروں و ملازمین کے درمیان انصاف کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے ۔
جمعرات کو یوم مزدور 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے مزدوروں کی قومی ترقی اور اقتصادی پیشرفت میں خدمات کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ چیف جسٹس نے سماجی انصاف، مساوات اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ریاست کے آئینی عزم پر روشنی ڈالی،جن میں وقار، مناسب معاوضہ اور کام کرنے کے سازگار حالات شامل ہیں۔انہوں نے کہا عدلیہ ان حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، کام کی جگہ پر استحصال کو روکنے ، مزدور قوانین کو نافذ کرنے اور آجروں اور ملازمین کے درمیان انصاف کو یقینی بنانے کیلئے کام کرتی ہے ، عدالتوں نے تاریخی طور پر کام کی جگہ پر امتیاز، جبر اور عدم مساوات کو روکنے کیلئے کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا یوم مزدور پر عدلیہ مزدور تنازعات کے منصفانہ اور موثر حل فراہم کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور ایسے بہتر نظام کی ضرورت پر زور دیتی ہے جو باعزت کام کو فروغ دے ،جبری اور بچوں کی مشقت کو ختم کریں، کام کی جگہ پرحفاظت کو یقینی بنائیں اور تمام محنت کشوں کے وقار کو برقرار رکھیں، یہ عزم آئین کے منصفانہ اور مساوی معاشرے کے وژن کے مطابق ہے ۔