سیدعاصم منیر فیلڈمارشل مقرر:آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمت عملی اور دشمن کو شکست فاش دینے پر ترقی دی گئی:وفاقی کابینہ،مدت ملازمت پوری ہونے پر پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر بابر کی خدمات جاری رکھنے کا بھی فیصلہ
اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،دنیانیوز)آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دشمن کو شکست فاش دینے پر وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر انکی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پوری قوم کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پر فخر ہے ۔وزیرِ اعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ وزیرِ اعظم نے پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارکباددی۔ حکومت کی جانب سے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری)کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حال ہی میں پاکستان تاریخ کے کٹھن مرحلے سے گزرا، 6 اور 7 مئی 2025 کی رات بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی، پاکستان کی سول آبادی میں معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، دشمن کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرأت اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔ وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی شاندار عسکری قیادت، جرأت اور بہادری، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے مقابلے میں دلیرانہ دفاع کے اعتراف میں انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی وزیرِ اعظم کی تجویز منظور کر لی۔
وزیرِ اعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔حکومت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر انکی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا ۔ وفاقی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ افواج پاکستان کے افسروں و جوانوں، غازیوں، شہداء اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلٰی سرکاری ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔کابینہ سے منظوری کے بعد وزارت دفاع نے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی فیلڈمارشل کے عہدے پرترقی کانوٹیفکیشن جاری کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کہا فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں، صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں۔یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان، یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لئے اعزاز ہے ۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعزاز ملنے پر پوری قوم کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت وفاقی وزرا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس اور وزرائے اعلیٰ نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد دی ہے ۔