بانی پی ٹی آئی کاپولی گرافک ٹیسٹ سے انکار ، رپورٹ عدالت جمع

لاہور، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے )بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایک بار پھر پولی گرافک ٹیسٹ اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ نہ کرانے کی رپورٹ پولیس نے لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے سے متعلق پولیس کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔دوران سماعت رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے دوبارہ ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے لہذا استدعا ہے عدالت درخواست پر مناسب حکم جاری کرے ۔عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سزا معطلی کی درخواستوں پرسماعت آج ہوگی،رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی،قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف سماعت کریں گے ،نیب کی استدعا پر عدالت نے آج تک سپیشل پبلک پراسیکیوٹر تعینات کرنے کی مہلت دی تھی،5 جون کی سماعت نیب کی استدعا پر بغیر کارروائی آگے بڑھے ملتوی ہو گئی تھی، بانی پی ٹی آئی کو 14 سال ،بشریٰ بی بی کو 7 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔