عالمی برادری ا سرائیل کا احتساب کرے، خطے کو مزید تباہی سے بچائے:پاکستان:ایران میں5ہزار زائرین واپسی کیلئے سیل قائم

عالمی برادری ا سرائیل کا احتساب کرے، خطے کو مزید تباہی سے بچائے:پاکستان:ایران میں5ہزار زائرین واپسی کیلئے سیل قائم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہیں، ایرانی عوام کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، تہران کو دفاع کا حق حاصل ہے ۔

وزارت خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو موجودہ حالات میں ایران اور عراق کے غیر ضروری سفر سے گریزکی ہدایت کردی جبکہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایران میں موجود پاکستانی زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے ہر ممکن معاونت کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کو ٹیلی فون کرکے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایران پراسرائیلی حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے ،عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل جارحیت رکوانے کیلئے کردار ادا کرے اور حملہ آور کو جوابدہ ٹھہرایا جائے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی سراسر پامالی ہیں ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کا احتساب کرے اور خطے کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کو بلااشتعال، غیرذمہ دارانہ اور عالمی امن کیلئے خطرناک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ پہلے سے کشیدہ خطے کو مزید غیر مستحکم کر سکتا ہے ۔ شہباز شریف نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور موثر اقدامات کرے تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے ،ایسی جارحیت عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر خاموشی اختیار کرنا خطرناک ہوگا۔قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بہت افسوس ناک ہے ۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں اس سے بڑی کوئی غلطی نہیں ہو سکتی، اسرائیل کا اس طرح حملہ کرنا زیادتی ہے ۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران پراسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی حملے ناقابل جواز اورقابل مذمت ہیں،جس نے انسانیت کے ضمیرکو جھنجوڑا ہے ، یہ اقدام خطے کے امن اور عالمی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے ، پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتا ہے ۔ انہوں نے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کو ٹیلی فون بھی کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کو پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت قرار دیا۔

انہوں نے کہامشکل کی اس گھڑی میں ایران تنہا نہیں ہے ، پاکستان ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل تمام مسلم ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے ،اس پر عالمی فورم پر بات کروں گا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہاکہ ایران ہمارا بھائی ہے ، تمام مسلم ممالک کو متحد ہو کر مشترکہ دشمن کا مقابلہ کرنا چاہئے ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ایران میں موجود پاکستانی زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے متعلقہ اداروں کوتمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ہے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر دفترخارجہ میں کرائسس مینجمنٹ سیل قائم کردیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔ تہران میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایات کردیں ، پاکستانی سفارتخانے کا ہاٹ لائن نمبر 00982166941388 ہے ۔

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی شہری موجودہ حالات میں ایران اور عراق کے غیر ضروری سفر سے گریزکریں،زائرین کو سفری فیصلوں میں احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہیں۔ ایران اور عراق کی بدلتی صورت حال پر پاکستانی سفارتخانوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔حکام دفتر خارجہ کے مطابق ایران میں پاکستان کے تقریبا 5000 زائرین ہیں، ایران جانے والے زائرین کی تعداد میں اتار چڑھا ؤآتا رہتاہے ۔زیادہ تر زائرین ہمارے سفارتی مشنوں سے رابطہ نہیں کرتے ، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر زائرین کو مشورہ ہے کہ وہ ایران اور عراق کے سفری منصوبوں پر نظر ثانی کریں۔تہران میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانی شہریوں کی مدد کیلئے دستیاب ہے ، پاکستانیوں کو وطن واپسی میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں