جے یو آئی کے بغیر حکومتیں بنتی ہیں نہ چلتی ہیں،فضل الرحمن
کراچی (دنیا نیوز، آن لائن) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سینیٹر فیصل واوڈا کے گھر پہنچ گئے ۔ فیصل واوڈا نے مولانا فضل الرحمن کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کہا کہ فیصل واوڈا نے کہا کہ میرا مولانا فضل الرحمن کے ساتھ بھائیوں جیسا تعلق ہے ، میں نے کہا تھا زندگی بھر آپ کے ساتھ ہوں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا فیصل واوڈا کا دعوت دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ’’پر‘‘کو پرندہ نہ بنائیں، میں صرف ایک دعوت پر آیا ہوں ، اچھی بات ہے سب ایک دوسرے سے مل رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے بغیر حکومتیں بنتی نہیں ہیں اور حکومتیں چلتی نہیں ہیں، ہم نے عوام کی جنگ لڑنی ہے ، ان کے حقوق کی جنگ لڑنی ہے ، تمام اسلامی ممالک اس وقت اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کررہی ہے جو امریکی سیاست کے لئے سوالیہ نشان ہے ، ایران میں بچوں اور خواتین کو قتل کیا جا رہا ہے ۔سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میں سیاست میں اسٹوڈنٹ ہوں، مولانا فضل الرحمن ہم سب کے استاد ہیں، کے پی کے سے کچھ لوگ ٹیکس کو گولی مارنے آرہے ہیں، مولانا بتائیں گے ہم نے جواب کیسے دینا ہے ، ان کی رہنمائی تمام پاکستان کے لئے ضروری ہے ۔ ادھر قیصر شیخ کی رہائشگاہ پر کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جب تک حکمران طبقہ اپنے مفادات کی نفی نہیں کرے گا عام عوام کو ریلیف نہیں ملے گا، جب تاجر کا کاروبار محفوظ نہیں ہوگا تو وہ اپنا پیسہ بیرون ملک لے جائے گا ، قوم پرست،وطن پرست اور پاکستان پرست لوگوں کو سامنے آنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں ٹیکس فری بجٹ بہت قابل تحسین ہوا کرتا تھا ، آج ٹیکس پر ٹیکس لگا کر بھی بجٹ کو قابل تحسین کہا جارہا ہے ۔