114افسروں کی نئی تعیناتی نہ ہونے سے سلیکشن بورڈ تاخیر کا شکار

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی سروس گروپ کے گریڈ 20 اور 21 میں ترقی پانے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو اور پولیس سروس کے 114 افسران کی نئی تعیناتی نہ ہونے کے باعث ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ تاخیر کا شکار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 13 مئی کو سی ایس بی سفارشات کی منظوری دی تھی اور ایک ماہ سے زیادہ گزرنے کے باوجود افسران کی نئی تعیناتی کے احکامات جاری نہیں ہو سکے، گریڈ 21 میں ترقی پانے والے 30 اور گریڈ 20 میں ترقی پانے والے 84 افسران ایک ماہ سے نئی تعیناتی و تقرری کے منتظر ہیں، وفاقی و چاروں صوبائی حکومتوں کے مابین افسران کی تعیناتی پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ ایڈمنسٹریٹو اور پولیس سروس افسران کی گریڈ20اور 21میں ترقی اورتبادلے کے احکامات نہ ہونے کے باعث آفس مینجمنٹ ، ایڈمنسٹریٹو سروس اور پاکستان پولیس سروس گروپس کے 200 سے زیادہ افسران گریڈ 19 میں ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ اجلاس ہونے کے انتظار میں ہیں اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی صدارت میں یہ اجلاس تاحال نہیں بلایا گیا جو روایت کے مطابق سی ایس بی اجلاس کے بعد ہوتا ہے ۔ ڈی ایس بی اجلاس نہ ہونے کے باعث آفس مینجمنٹ کے 80 ، ایڈمنسٹریٹو سروس کے 60 اور پولیس سروس کے 50 سے زیادہ افسران گریڈ 19 میں ترقی کے منتظر ہیں۔