انصاف فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائیگا:چیف جسٹس
پشاور(دنیا نیوز)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں مجوزہ کچہری کمپاؤنڈ پشاور کے ماسٹر پلان کا جائزہ لیاگیا۔
چیف جسٹس نے منصوبے کو جدید، پائیدار اور جامع بنانے پر زور دیا،اجلاس میں جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس عتیق شاہ و دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں بار، بینچ اور ایگزیکٹو کی ضروریات شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمپاؤنڈ میں سرسبز مقامات، شجرکاری اور بچوں کے پارک کی تجویز اوربزرگ اور معذور سائلین کیلئے خصوصی سہولیات پر زور دیاگیا۔چیف جسٹس کاکہنا تھاعدلیہ تمام طبقات کیلئے آسان رسائی کے عزم پر کار بند ہے ، انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا، سپریم کورٹ عدالتی ترقی میں معاونت جاری رکھے گی۔