مشرق وسطیٰ صورتحال:اسحاق ڈار سے امارات برطانیہ کے وزرا خارجہ کا رابطہ
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ٹیلی فون کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں سے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو لاحق سنگین خطرات کو اجاگر کیا، دونوں رہنماؤں نے کشیدگی کو کم کرنے اور مزید بڑھنے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار کو متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداﷲ بن زید النہیان نے بھی ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران کیخلاف اسرائیلی حملوں کے تناظر میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال اوربڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کوششوں کی حمایت پر زور دیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار سے سپین کے سفیر جوز انتونیو ڈی اوری نے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم نے پاکستان اور سپین کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو سراہا اور علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے بھی ملاقات کی۔