عدنان قتل کیس:سابق سینیٹر چودھری تنویراحاطہ عدالت سے گرفتار

راولپنڈی (خبر نگار)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے احاطے سے پولیس نے مسلم لیگ (ن)کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کو گرفتار کرلیا،گرفتاری کے بعداچانک طبیعت خراب ہونے پرچودھری تنویرکوراولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیاگیا۔
گزشتہ روز عبوری درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر چودھری تنویر اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ملک رفاقت اور انسپکٹرپولیس تنویر اشرف اورعامر خان بھی عدالت میں موجود تھے ، جسٹس صداقت علی خان نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کردی، جس پر سول لائن پولیس نے چودھری تنویرکواحاطہ عدالت سے گرفتار کرلیااورعارضہ قلب میں مبتلاہونے پرلیگی سابق سینیٹرکوآرآئی سی منتقل کردیا، عدالت نے مختصر آرڈر میں درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ چونکہ درخواست گزار نے اپنے وکیل کے ذریعے پولیس کے سامنے سرنڈر کردیا ہے اس لیے درخواست نمٹائی جاتی ہے ، عدالت نے حکم دیا کہ چونکہ درخواست گزار کو عارضہ قلب کی شکایت ہے لہٰذا قانون کے مطابق درخواست گزار کا راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے مکمل طبی معائنہ کروایا جائے ۔ واضح رہے کہ چوہدری تنویر چوہدری عدنان قتل کیس کے مقدمے میں نامزد ہیں۔