بجٹ فراڈ، ملک میں ورچوئل مارشل لا، آزادی اظہار کی اجازت ہے نہ جمہوریت : تحریک انصاف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بجٹ فراڈ ہے، ملک میں ورچوئل مارشل لا قائم ہے،آزادی اظہار کی اجازت ہے نہ جمہوریت کی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو گمراہ کیا گیا، بجٹ 26-2025 میں عوام کے گلے پر چھری پھیری گئی،گزشتہ 3 سالوں کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ میری بجٹ تقریر کا مکمل بلیک آؤٹ کیا گیا، قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی، ہماری جماعت کی ایران کے حق اور اسرائیل کی مخالفت میں قرارداد کو بھی براہ راست نشر نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ورچوئل مارشل لا لگا ہوا ہے ، یہاں نہ آزادی اظہار کی اجازت ہے اور نہ ہی جمہوریت کی ، جس طرح ہمارے حقوق کو سلب کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا 6 ہزار 500 ارب روپے خسارے کے ساتھ نئے مال سال کا بجٹ اطلاق سے قبل ہی اپنی موت آپ مر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران-اسرائیل کشیدگی کے پہلے دن ہی تیل کی قیمت 64 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 74 سے 75 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے ، مستقبل میں تیل کی عالمی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کی درآمدات کا 25 فیصد خرچ پٹرولیم مصنوعات پر ہوتا ہے ، یہ خرچہ اگر خطے کی موجودہ صورتحال میں بڑھے گا تو پھر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی اوپر جائے گا جس سے روپے پر مزید دباؤ آنے کا امکان ہے ،عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی پی پی صرف ایک فون کال کی مار ہے ۔پی پی پی سنجیدہ ہے تو پی ٹی آئی سے مل کر جدوجہد کرے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بجٹ کا آغاز ہی غلط ہے ، فنانس کے حوالے سے کئی غلطیاں کی گئیں، اس بجٹ سے پاکستان میں مزید مہنگائی آئے گی۔ اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت کا نقطہ نظر ٹی وی پر چلتا ہے جبکہ اپوزیشن کا نہیں ۔ یہاں بیٹھے ہوئے لوگ عوام کی نمائندگی نہیں کر رہے ، ہمیں جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے ، اس کی مذمت کرتا ہوں۔تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ جب انصاف دو گے نہیں تو انصاف چھین کے لے لیں گے ،پی ٹی آئی اپنا احتجاج ہر فورم پر کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے ،عمران خان کو آئیسولیٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،یہ سمجھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کوئی ایسی ہدایت نہ دے دیں جس سے انہیں سنبھالنا مشکل ہو جائے ،ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین نے خطے کے حالات کی وجہ سے احتجاجی تحریک موخر کی ہے ۔ شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کو ایک عالمی دہشت گرد سمجھتے ہیں،اسرائیل انسانیت کے پورے دھانچے کو بکھیر رہا ہے۔