بجٹ منظورنہ کیا تو وفاق کی فنانشل ایمرجنسی:میں کسی بھی وقت اسمبلی تحلیل کرسکتاہوں:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اسلام آباد،پشاور(اپنے نامہ نگار سے، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں بجٹ پر ووٹنگ کا عمل شروع ہو نے والاہے لیکن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔
ارکان اسمبلی کو کہتا ہوں کہ اسمبلی میں جاکر ووٹنگ نہیں کرنی، ہم بجٹ پاس نہیں کرتے تو یہ فنانشل ایمرجنسی کی بنیاد پر ٹیک اوور کر سکتے ہیں،ان کی فنانشل ایمرجنسی کی بنیاد پر صوبے کو ٹیک اوورکرنے کی سازش ہے ،وفاقی حکومت کو پیغام ہے آپ ہمیں قانونی طور پر ڈس کوالیفائی نہیں کرسکتے ، میں کسی بھی وقت اسمبلی کو تحلیل کر سکتا ہوں یہ میر ا اختیار ہے ۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں زیر سماعت غیر قانونی اسلحہ و شراب اور آڈیو لیک کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کے سرنڈر ہوجانے پر وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے گئے ۔تھانہ بہارہ کہو میں درج غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران وکیل نے کہاکہ پشاور ہائیکورٹ نے تین جولائی تک گنڈاپور کی ضمانت منظور کر رکھی ہے ،استدعا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کئے جائیں،عدالت نے کہا 342 کے سوال نامہ کا جواب جمع کروا دیں، علی امین نے کہا پختونخوا کے بجٹ کے بعد جواب جمع کروا دینگے ، عدالت نے سماعت2جولائی تک ملتوی کر دی،بعد ازاں آڈیولیک کیس میں علی امین اپنے وکیل کے ہمراہ ایڈیشنل سیشن جج نصرمن اللہ بلوچ کی عدالت میں پیش ہوگئے ،عدالت نے علی امین کے وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے اور کہا آپ کی حاضری فرد جرم کیلئے بہت ضروری ہے اورسماعت19 جولائی تک ملتوی کردی۔ علی امین گنڈا پور کا میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہناتھاکہ خواہش ہے غزوہ ہند ہمارے سامنے ہو اور ہم اس میں شریک ہوں، پاکستان کا سسٹم جب درست ہوگا توکیسز ختم ہو جائیں گے اورسسٹم درست ہونے پر ہی پاکستان بھی درست سمت کی طرف جائیگا،فیلڈ مارشل اور امریکی صدر کی ملاقات اور کھانے کی دعوت کا علم نہیں،ہم ایران اور فلسطین پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں ۔