چینی مہنگی ہونے سے روکیں،،وزیراعظم نے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی

چینی مہنگی ہونے سے روکیں،،وزیراعظم نے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی

اسلام آباد (نامہ نگار،آن لائن)حکومت نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا،وزیرِاعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی اور اس حوالے سے ایف آئی اے ، آئی بی، ایف بی آر اورسٹیٹ بینک سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات دے دئیے ہیں ۔

وزیراعظم کا کہناہے کہ جعلی ادویات کے گھناؤنے کاروبار کے مکمل سد باب کیلئے جدید ٹیکنالوجی جد ید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے ۔تٖفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں، چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور کارٹلائزیشن کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف چھاپے ، گرفتاریاں اور دیگر سخت اقدامات ہوں گے ،یہ فیصلہ چینی کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ کے بعد اسے روکنے کیلئے کیاگیاہے ۔بعدازاں ملکی صنعتوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہصنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے ، غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے فروغ میں حائل رہی ہیں، ہم ایک مؤثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے ۔ وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات عالمی بینک کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین نے الوداعی ملاقات کی ۔شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کا استحکام اور ترقی کے سفر کا آغاز معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے ۔دریں اثنا شہبازشریف نے وزارت قومی صحت کے امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں عوام کیلئے صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔

وزیراعظم نے جعلی ادویات کے گھناؤنے کاروبار کے مکمل سد باب کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی اور کہاکہ اعلیٰ معیار کی طبی تعلیم پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ قطعاً قبول نہیں،شعبہ صحت میں اصلاحات کے نفاذ کے عمل میں کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سنٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جبری طور پر بے گھر ہونے اور پناہ گزینوں کے حالات کا بنیادی محرک ہونے کے ناطے عالمی تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج بین الاقوامی قوانین کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے روکنا اور حل کرنا چاہئے ۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرا، انوار الحق چودھری ،محمد شہباز بابر ، احمد عتیق انور اور رانا ارادت شریف نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سیکرٹری مذہبی امور سید عطا الرحمن بھی وزیراعظم سے ملے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں