سپریم کورٹ اورہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع

سپریم کورٹ اورہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،نیوزایجنسیاں) جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت 30 نومبر 2025 تک جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت 23 جولائی 2025 سے چھ ماہ کیلئے بڑھا دی ۔

چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدرات جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ کمیشن نے اکثریتی رائے سے سپریم کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت 30 نومبر تک بڑھا دی، ہائیکورٹس کے ججز کی سالانہ کارکردگی کے مؤثر جائزہ کیلئے قواعد بنانے سے متعلق پالیسی کا جائزہ بھی لیا گیا اور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں عدلیہ، پارلیمان، انتظامیہ اور قانونی ماہرین کے ارکان شامل ہونگے ، کمیٹی ہائیکورٹ کے ججز کی سالانہ کارکردگی کے جائزہ کیلئے قواعد کا مسودہ تیار کرے گی۔ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت 23 جولائی سے چھ ماہ کیلئے بڑھا دی گئی،کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کیلئے دو ججز کو تبدیل اور دو کو نامزد بھی کیا،جسٹس عدنان اقبال اور جسٹس جعفر رضا کو آئینی بینچ کیلئے نامزد جبکہ جسٹس آغا فیصل اور جسٹس ثنا اکرم منہاس کو آئینی بینچز سے تبدیل کردیا گیا۔مزیدبرآں چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ہائیکورٹس میں مستقل چیف جسٹس کی تقرریوں کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس یکم جولائی کو دوپہر 2 بجے طلب کرلیا ۔ اجلاس میں سندھ، پشاور، بلوچستان اوراسلام آباد ہائیکورٹس میں مستقل چیف جسٹس کی تقرری پر غور ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں