بھارت سندھ طاس معاہدہ تسلیم کرےیا پاکستان سے ایک اوجنگ لڑے :بلاول
کراچی (دنیانیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ تسلیم نہیں کرتا تو پاکستان سے ایک اور جنگ لڑے ، ہم دوبارہ اسے شکست دیں گے ، ہم اپنے دریا کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے متعدد ممالک کے سفارتی دورے کے بعد کراچی واپسی پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، پاکستان کے ساتھ سچ اور بھارت کے ساتھ جھوٹ کھڑا تھا، کشمیر کا معاملہ ہمارے لیے سب سے اہم ہے ، ہم نے سفارتی دورے میں دنیا کو امن کا پیغام پہنچایا، کشمیر میں بھارتی ظلم کو اجاگر کیا، جگہ جگہ کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا، جنگ ہارنے کے بعد بھارت کی کوشش تھی ہمیں سفارتی محاذ پر شکست دے مگر ہم نے اپنی موثر مہم کے ذریعے بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دی۔ بلاول بھٹو نے کہا ہم نے مثبت سیاست کا استعمال کیا، عالمی میڈیا میں بھارت کا بیانیہ ہار گیا اور پاکستان کا بیانیہ جیت گیا، ہم نے پاکستان کا مقدمہ اقوام متحدہ میں پیش کیا، ہم بھارت کو بتانا چاہتے ہیں آپ کو سندھ طاس معاہدہ ماننا پڑے گا، اس کے پاس دو آپشن ہیں یا تو معاہد تسلیم کرے ورنہ پاکستان سے ایک اور جنگ لڑے اور ہم اس جنگ میں بھی بھارت کو شکست دیں گے ، ہم اپنے دریا کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان میں کچھ لوگ صوبوں کے درمیان نفرتیں پھیلاتے ہیں، بھارت نے جب ہمارے دریا پر حملہ کیا تو یہ سیاسی یتیم کہاں غائب ہیں؟ ان کے پیچھے ہمیشہ سے بھارت رہا ہے جو پاکستان نہ کھپے اور سندھ نہ کھپے کے نعرے لگاتے ہیں، اب جب الیکشن ہوں گے تو ان سیاسی یتیموں کو ہم ایک بار پھر عبرتناک شکست دیں گے ۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا ہم نے وزیراعظم کے کہنے پر چار سے پانچ ممالک کے دورے کئے ، ہم پاکستان کاپیغام یورپ،امریکہ اور برسلزمیں لیکرگئے ۔انہوں نے کہا جس اندازسے ہماری فضائیہ، پاک فوج نے بھارت کو شکست دی اس پر ہم فخر کرتے ہیں، میدان میں جنگ ہارنے والے بھارت نے سفارتی میدان میں ہمیں شکست دینے کی کوشش کی لیکن ہم نے سفارتی سطح پر بھی بھارت کو شکست دیدی ہے ، ہم نے بیانیہ کے لحاظ سے جنگ جیت لی ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا ہم سچ پر اور بھارت جھوٹ پر تھا، ہم نے ہر جگہ بھارت کومات دی ہے ، کشمیر کا مسئلہ ہم نے ہر دور میں اٹھایا ہے ، ذوالفقار بھٹو، محترمہ اور آصف علی زرداری نے کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے ۔
بلاول بھٹو نے کہا بانی پی ٹی آئی کے دورمیں کشمیر پر جب حملہ ہوا تو انہوں نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ میں کیا کروں، پاکستان نے بھارت کے 6 جہاز گرائے تھے ، پوری دنیا مان رہی تھی آپ کے جہاز گرے ہیں لیکن بھارت نہیں مان رہا تھا۔ انہوں نے کہا کشمیراب بھارت کا اندورنی معاملہ نہیں رہا، کشمیر کا ذکر اب امریکہ کا صدر بھی کرتا ہے جو ہماری تاریخی کامیابی ہے ، مودی نے سندھو پر تاریخی حملہ کیا ہے ، اس کی وہ دھمکی کہ سندھو پر حملہ کرکے آپ کا پانی روکیں گے ، اگر بھارت نے سندھ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم ایک اورجنگ کریں گے ، بھارت کوسندھ طاس معاہدہ ماننا پڑے گا، تین دریا بھارت کے ہیں تین ہمارے ، اگربھارت نہ ماناتو ہم ایک اورجنگ لڑ کرچھ کے چھ دریا لے لیں گے ، ہم اپنے دریاؤں کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔بلاول کا کہنا تھا میں ان سے ضرورپوچھناچاہتا ہوں سیاسی یتیموں سے ،جو نہ کھپے کی سیاست کر رہے ہیں، یہ سیاسی یتیم کیوں خاموش ہیں؟ ان کے دھرنے اور سرپرستوں کا کیا ہوا؟ ان کوغیر ملکیوں کی سپورٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف پاک فوج صف اول کی جنگ کر رہی ہے ، بھارت ہمیں دہشت گردملک قراردلوانا چاہتا تھا، بھارت نے امریکہ اور دیگر ممالک میں اربوں ڈالر انویسٹ کئے تاکہ پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دیا جا سکے ۔