چیف جسٹس ،سعودی سفیرملاقات،تعاون بڑھانے پراتفاق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) چیف جسٹس آف پاکستان اور سعودی سفیرکے درمیان ملاقات میں عدالتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہواہے ، جس کیلئے عدالتی افسران کے مشترکہ تربیتی پروگرامز منعقد ہوں گے اور عدالتی کانفرنسز کے انعقاد بھی کیے جائیں گے۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے جمعہ کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی سے ملاقات کی،چیف جسٹس نے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں برادرممالک کے درمیان دیرینہ، تاریخی تعلقات کو سراہا۔ملاقات کے دوران سعودی وژن 2030ء کے تحت عدالتی نظام میں اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔ عدالتی اکیڈمیوں کے درمیان تربیتی شراکت داری پر تبادلہ خیال ہوا۔دونوں ممالک کے عدالتی افسران کیلئے مشترکہ تربیتی پروگرامز پر غور ہوا۔ علاقائی عدالتی کانفرنس کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوئی۔پاکستان نے سعودی عدلیہ سے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کا عزم طاہر کیا۔ چیف جسٹس نے کہا مشترکہ قانونی اقدار علاقائی استحکام اور انصاف کے فروغ میں اہم ہے ، پاکستان سعودی عرب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان سعودی عدلیہ کے ساتھ ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے ۔