عید پربے مثال صفائی،مریم نواز نے ورکرزکو انعامی رقم دیدی:10،10ہزار کے چیک تقسیم
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صفائی ہیروز کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا،عید الاضحی پر بے مثال اور برق رفتار صفائی کے ثمر کے طورپر ورکرز کو انعامی رقوم کے چیک مل گئے ۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کی 123تحصیلو ں میں صفائی ورکرز کے اعزاز میں شاندار اورپر تکلف تقاریب کااہتمام کیا گیا اورصفائی ورکرز کے اعزاز میں پرتکلف کھانا بھی پیش کیاگیا۔ صفائی ورکرز نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا خوشی کے ان لمحات کو کبھی نہیں بھول سکتے ۔مریم نواز نے کہا کہ صفائی ورکرز ہمارے معاشرے کا حسن ہیں ،عیدالاضحی پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات کو ملک بھر میں سراہا گیا،صفائی مہم کی کامیابی کا سہرا صفائی ورکرز کے سر ہے ،سخت گرمی میں بھی کام جاری رکھا۔ لاہور میں انعامی چیک کی تقسیم کیلئے 7 تقاریب کا اہتمام کیاگیا، لاہور ڈویژن میں 31 ہزار سے زائد ورکرز میں10،10 ہزار روپے کے انعامی چیک تقسیم کئے گئے ،انعامی چیک تقسیم کرنے کی تقریبات آج اور کل بھی جاری رہیں گی۔
گزشتہ روز لاہور میں 23 ہزار سے زائد ورکرز جبکہ قصور، شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب میں 8 ہزار سے زائد ورکرز میں انعامی چیک تقسیم کئے گئے ۔ وسیم قادر ، شعیب صدیق ، ملک وحید ، ثاقب طرازی ، ساجدہ تارڑ، ملک شہباز کھوکھر، احسن شرافت اوردیگر مہمان خصوصی تھے ۔ وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کے انتخابی حلقہ این اے 117 اور پی پی 149 میں بھی ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازمین میں انعامی چیک تقسیم کئے گئے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے موسیقی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پاکستانی فنکاروں نے مشرقی موسیقی کو بین الاقوامی شناخت دی، خوشی ہو یا غم موسیقی ہر کیفیت کو بیان کرنے پر قادر ہے ،موسیقی امن کا سفیر بن کر محبت کا پیغام سرحدوں کے پار پہنچا رہی ہے ۔