بینظیر ہنرمند پروگرام کاافتتاح، روشن مستقبل کی نوید :صدر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ بینظیر ہنرمند پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوان نسل کے لیے روشن مستقبل کی نوید ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بچوں اور بچیوں کو صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ ہنر بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔صدرمملکت نے کہا کہ پروگرام کے تحت کمپیوٹر، جدید تعلیم اور مختلف ہنر سکھائے جائیں گے جن کے ذریعے نوجوان پاکستان کے اندر اور باہر اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ نرسنگ جیسے شعبے کی دنیا بھر میں بڑی مانگ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان ہنر سیکھ کر دیارِ غیر میں ملک کا نام روشن کریں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے گا، اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو جدید ہنر سکھائے جائیں گے ۔بی آئی ایس پی کے سیکرٹری عامر علی احمد نے کہا کہ بے نظیر ہنر مند پروگرام کا اجرا خوش آئند ہے جس کے ذریعے جدید ڈیمانڈنگ ہنر سکھائے جائیں گے ۔