محرم الحرم میں امن یقینی بنانے کیلئے علما،مشائخ بھرپورکردار ادا کریں:اتحادبین المسلین کمیٹی

محرم الحرم میں امن یقینی بنانے کیلئے علما،مشائخ بھرپورکردار ادا کریں:اتحادبین المسلین کمیٹی

ساہیوال (سٹی رپورٹر ، نامہ نگار،نمائندہ دنیا ) محرم الحرام میں امن وا مان کے قیام کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کنوینئر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب،چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت پنجاب کا قافلہ ساہیوال پہنچ گیا۔

 اس موقع پرمولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مسلمان اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور تفرقہ بندی کا شکار نہ ہوں۔ ملک میں قیام امن کے لیے علما کرام کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ، بین المسالک ہم آہنگی اور استحکام پاکستان کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ ہندوستان اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کو قوم نے ‘‘بنیان مرصوص‘‘سے ناکام بنایا ۔علما کرام محرم الحرام کے دوران امن کے لئے انتظامی افسروں کا ہراول دستہ ہوں گے پیغام پاکستان میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کو حرام قرار دیا گیا ،محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے مقرر وقت کی سختی سے پابندی کی جائے دل آزاری کا باعث بننے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ عبد الخبیر آزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے عزم استحکام کے لائحہ عمل کا جو فیصلہ کیا ہے پوری قوم اور علما کرام اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں ، وطن عزیز پاکستان اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا۔

پاکستان کا تحفظ و دفاع پوری قوم کی ذمہ داری ہے ، اتحاد بین المسلمین،استحکام پاکستان،دفاع پاکستان اور پیغام پاکستان کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،حکومت و انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کے علما،مذہبی راہنما اور عوام الناس پر یہ بھاری ذمہ داری عا ئدہوتی ہے کہ وہ متحد ہوکر امن و سلامتی کے دشمنوں کے تمام تر ناپاک عزائم اور مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیں، آج جبکہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے اس وقت ہم سب پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم من حیث القوم اپنی ذمہ داریوں سے عہد ہ براء ہوں اور اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھیں، اس زریں اصول پر کار بند رہیں کہ اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں اور کسی کے مسلک کوچھیڑو نہیں پر عمل پیرا ہوں، ہم سب ساہیوال انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں،اور پیغام پاکستان کو منبر و محراب کے ذریعے ہر گھر میں آواز پہنچانے کا ذریعہ بنیں گے ،آپ حکومت پنجاب کو ہماری طرف سے یہ اطمینان دلا دیں کہ ساہیوال ڈویژن میں تمام مکاتب فکر کے علما اور عوام ساتھ ہیں اور آپس میں کسی قسم کا کوئی نزاع نہیں ہے ، آخر میں ملک میں محرم الحرام میں قیام امن اور ملک کی سلامتی، استحکام،ترقی و خو شحالی،حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیراور غزہ و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں