پنجاب اسمبلی ، ہاؤس کارروائی کے دوران احتجاج نہیں ہو سکتا ، سپیکر

پنجاب اسمبلی ، ہاؤس کارروائی کے دوران احتجاج نہیں ہو سکتا ، سپیکر

لاہور(سیاسی نمائندہ)سپیکر نے نعروں والے پلے کارڈز کے ساتھ ایوان میں داخل ہونے پر رولنگ دیدی۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے 26 منٹ تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی زیرصدارت شروع ہوا، اپوزیشن حسب روایت نعرے بازی کرتے ایوان میں داخل ہوئی،سپیکر نے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو پوائنٹ آرڈر پر بولنے سے روک دیا۔

اس موقع پر سپیکر ملک احمد خان نے بنیادی حقوق سے متعلق رولنگ دے دی اور کہا قانون کی نظر میں سب برابر ہیں،قانون کے طابع مذہبی،سیاسی اور اخلاقی آزادی سب کا حق ہے ،ہائوس کی کارروائی کے دوران احتجاج نہیں ہوسکتا،سپیکر کی اجازت کے بغیر کوئی ممبر بھی سیٹ سے اٹھ کر بول نہیں سکتا،تمام باتیں قانون کے مطابق کررہاہوں،ذاتی منشا تھوپنا نہیں چاہتا،آپ جسطرح کی پارلیمانی روایت اختیار کرنا چاہتے ہیں وہ آپکی مرضی ہے ،ایوان میں سلوگن والے پلے کارڈز نہیں لائے جا سکتے ،جو بھی ہائوس میں بات کرنی ہو گی سپیکر سے پہلے اجازت لی جائے گی،یہ ایوان احتجاج کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کسٹوڈین آف ہائوس ہماری ذمہ داری ہے ہم آپکی رولنگ کا احترام کرینگے ۔

اپوزیشن رکن شیخ امتیاز نے پنجاب اسمبلی میں بجٹ پر تقریر کرتے کہا کہ ایک سال سے اس پورے ایوان کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے جبکہ انکے تمام فگرز سے پتہ چلتا ہے صرف گیارہ سو نو ارب رکھا گیا تھا۔یہ ایک سال اس ہائوس کو غلط گائیڈ کرتے رہے ۔ اجلاس آج صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ آج بجٹ پر عام بحث کا آخری روز ہو گا۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے ایوان میں گفتگو کرتے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کا ادراک ہے میرے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں،سمجھ سے بالاتر ہے کہ صحافیوں نے یہاں احتجاج کیو ں کیا ،عید سے قبل مجھے علم ہے کہ کیسے تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنوایا،پھر بھی اگر کوئی ایشو ہے تو اسکو بھی حل کرانے کی کوشش کرونگی۔قبل ازیں پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی نے ایوان کی کارروائی کا ٹوکن بائیکاٹ کردیاگیلری میں موجود صحافیوں نے بائیکاٹ کیا،سپیکر نے صحافیوں کے بائیکاٹ کا نوٹس لے لیا اوربائیکاٹ معاملے پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں چیف وہپ مسلم لیگ ن رانا ارشد، صوبائی وزیر سردار شیر گورچانی اورراحیلہ خادم کو نامزد کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں