پختونخوا کا بجٹ علی امین کی عمران سے ملاقات کے بغیر ہی منظور

پختونخوا کا بجٹ علی امین کی عمران سے ملاقات کے بغیر ہی منظور

پشاور،راولپنڈی، اسلام آباد (دنیا نیوز، اپنے نامہ نگار سے ، ایجنسیاں )خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بغیر ہی بجٹ منظور کرلیا۔ نئے مالی سال کے لیے صوبائی بجٹ کی منظوری گزشتہ شب دی گئی۔

بجٹ کی منظوری سے قبل اپنی تقریر میں وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جب بھی ملاقات ہوئی ان کی ہدایت کے مطابق بجٹ میں تبدیلیاں لائیں گے ۔ صوبائی اسمبلی نے مالی سال 26-2025 کا بجٹ منظورکرتے ہوئے 66 محکموں اور اداروں کے مطالبات زرکی مد میں 1962 ارب روپے کی منظوری دی ہے ۔خیبرپختونخوا اسمبلی نے اجلاس میں مجموعی طور 66 محکموں اور اداروں کے مطالبات زرکی مد میں 1962 ارب روپے کی منظوری دی۔سپیکر کی جانب سے کٹوتی کی تحاریک نہ لینے پر اپوزیشن بجٹ منظوری کا حصہ نہ بنی اور بجٹ منظوری کے وقت ایوان سے بائیکاٹ کیا۔ سپیکر نے رائے شماری کے بعد تمام کٹوتی تحاریک کثرت رائے سے ختم کردیں۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 157 ارب روپے سرپلس رکھے گئے ہیں جب کہ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے لیے 547 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت اور منظوری کے بغیر بجٹ پاس نہیں کیا جائیگا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت پچھلے ڈیڑھ سال سے مسلسل میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں رخنے ڈال رہی ہے ۔تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خیبر پختونخوا کا بجٹ پاس کرنے پر رضامندی کا اظہار کر دیا ہے ۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹرسیف کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں کے پی بجٹ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے بانی پی ٹی آئی کو کے پی بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ بجٹ مشروط طور پر پاس کیا، آئینی مدت پورا ہونے سے پہلے بجٹ پاس کرنا ضروری تھا، بعد میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق بجٹ میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے ۔علی امین اور مزمل اسلم سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی بجٹ کے حوالے سے ہدایات دے سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں