کراچی:لیاری میں5منزلہ خستہ حال عمارت زمین بوس،13افراد جاں بحق
کراچی(دنیا نیوز)کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہونے سے 13افراد جاں بحق ہو گئے ، متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ 12 زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا گیا۔
ریسکیوذرائع کاکہناہے کہ جمعہ کی صبح 5 منزلہ عمارت گرگئی جو مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں اب تک 13افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔زخمیوں میں 3 خواتین شامل ہیں جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ، عمارت کے ملبے تلے 25 سے 30افراد دبے ہو سکتے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے اور ملبے تلے دبے مزید لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے ، گرنے والی عمارت سے ملحقہ 2 اور 7 منزلہ عمارتوں کو خالی کروالیا گیا ہے ۔ متعدد افراد رہائشی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تنگ گلیوں کے باعث ہیوی مشینری کے پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو معطل کر دیا گیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا آپریشن تیز کرنے اور زخمیوں کو ہرممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔