پتوکی:آدھن میں پولیس مقابلہ،ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

 پتوکی:آدھن میں پولیس مقابلہ،ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

پتوکی،قصور،(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ دنیا) پتوکی کے علاقہ آدھن میں پولیس مقابلہ، واردات کرکے فرار ہونے والا ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔

 پولیس ترجمان کے مطابق 15 پر شہری سلیم حیدر کی 3 ڈاکوئوں کی طرف سے واردات اور فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے فوری ریسپانڈ کیا۔ 3 ملزم مسلسل فائرنگ کرتے رہے جنکی اپنی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی ڈاکو کی شناخت کاشف چوک پتوکی کے رہائشی قربان کے نام سے ہوئی جس سے چھینی گئی موٹر سائیکل و دیگر سامان اور پسٹل برآمد کرلیاگیا جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ قصوراور گردونواح میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں لاکھوں روپے ،موبائل فونز، زیورات اور موٹر سائیکلیں لوٹ لی گئیں۔ لاہور سے دودھ کی سپلائی دے کر واپس آنے والے روشن بھیلہ  کے رہائشی مجاہد اسلام کی بھائی سے ڈاکوؤں نے نظام پورہ بائی پاس کے قریب گاڑی روک کر 82ہزار ، رمضان سے جیون سنگھ پل کے قریب موٹرسائیکل وموبائل ، اشرف سے ہزاروں روپے وموبائل ، شہزاد سے ساندیاں والا کے قریب موٹرسائیکل و نقدی ،تھانہ سرائے مغل کی حدود میں شہری سے موٹر سائیکل و موبائل اور 150000 روپے لوٹ لئے ۔ جناح کالونی قصور کے رہائشی بلال احمد کی مسجد کے باہر کھڑی موٹرسائیکل،حویلی ڈوگراں والی سے فیصل اقبال کی موٹرسائیکل، پی سی او چوک الہ آباد سے غلام مصطفی کی موٹرسائیکل، چونیاں روڈ پرعلی اصغر کی موٹرسائیکل چور لے گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں