عمران سے نواز کی ملاقات کی خبریں قیاس آرائیاں ، بیرسٹر گوہر

عمران سے نواز کی ملاقات کی خبریں قیاس آرائیاں ، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے نوازشریف کی ملاقات کی خبریں قیاس آرائیاں ہیں، شہباز شریف نے مجھے مذاکرات اور بات چیت کا کہا ہے۔۔۔

 وزیراعظم نے کہا ہمارے ساتھ براہ راست نہیں تو سپیکر کا دفتر استعمال کریں۔ اپنے بیان میں بیرسٹرگوہر نے مزید کہا کہ بات آگے بڑھانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے ، ہمارے پاس ابھی تک بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے ۔انھوں نے کہا کہ ن لیگ یا پیپلزپارٹی کے کسی رکن سے بانی کی ملاقات کی کوئی تجویز نہیں ، بانی پی ٹی آئی کو کسی سے ایسے ملنے کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مائنس بانی پی ٹی آئی سیاست کا پی ٹی آئی میں کوئی تصور ہی نہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرعمل ہوگا، ہماری احتجاج سے متعلق تیاری ہے ۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ فاٹا کمیٹی کا اجلاس بلانا آئین کی خلاف ورزی ہے ۔اسلام آباد میں پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 25ویں ترمیم کے بعد قبائلی علاقے صوبائی حکومت میں ضم ہوچکے ہیں۔ وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کمیٹی کو ختم کیا جائے ۔ قبائلی علاقوں سے منتخب ممبران اسمبلی یہاں موجود ہیں،7 ممبران منتخب ایم این ایز میں سے 5 تحریک انصاف سے ہیں، 17 میں سے 14 ممبران صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی کے ہیں۔قبائلی علاقوں میں جرگہ سسٹم بحالی کا مطالبہ سامنے نہیں آیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ فاٹا سے متعلق قانون سازی یا کوئی فیصلے کا اختیار صوبائی حکومت کا کام ہے ، حکومت سے مطالبہ ہے کہ فاٹا سے متعلق کمیٹی کو ختم کیا جائے ۔اس موقع پر شاہ فرمان نے کہا کہ فاٹا انضمام اس لئے کیا تاکہ وہاں ترقی ہو، قانون سازی اس لیے کی گئی تاکہ فاٹا سے ممبران اسمبلی کو اختیار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام ہوگیا اور مرکز اور صوبوں سے معاہدہ کیا گیا، قبائل تھے ، ہیں اور رہیں گے ہم ان کی زندگی تبدیل نہیں کرسکتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں