بلوچستان : پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ، گاڑی کے قریب دھماکا، 1 شہید، 3 زخمی
قلات ،ڈیرہ مراد جمالی ،لکی مروت (نامہ نگار، سٹاف رپورٹر ،نیوزایجنسیاں)بلوچستان کے ضلع قلات میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے میں ہائی وے پولیس کی گاڑی پر دھما کے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے اغوا ہونے والے 3 سکیورٹی اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔بلوچستان پولیس حکام کے مطابق قلات کے علاقے کلی عزیز آباد میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل رب نواز موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔ ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے ربیع قدیر کوٹ کے قریب ہائی وے پولیس کی گاڑی پر دھماکا ہوا ، دھماکے سے تین اہلکار سب انسپکٹر غلام مرتضیٰ منگی،کانسٹیبل نیک محمد بگٹی اور کانسٹیبل ہارون پنجابی زخمی ہوگئے ،گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ،دھماکا سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ہوا۔ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد عاصم خان زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے لئے سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی پہنچ گئے ۔خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے سے 4 جولائی کی رات گاڑی سے اتار کر اغوا کئے گئے 3 سیکورٹی اہلکاروں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔شہید اہلکاروں کی شناخت نسیم، محمد ارشد، محمد شیر کے نام سے ہوئی، نسیم اور راشد کا تعلق کوہاٹ جبکہ محمد شیر کا تعلق کرم سے ہے۔