احتجاجی تحریک:خامیاں دور کرنیکی کوشش کرینگے : شوکت یوسفزئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے رہنما شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ اب تحریک چلانا ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں،ہم پہلے بھی تحریکیں چلا چکے ہیں،پہلے ہم سے خامیاں ہوئی ہیں، اس بار کوشش کی جارہی ہے کہ ہماری پہلے والی خامیاں دور ہوجائیں،زیادہ سے زیادہ لوگ نکلیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا احتجاج کیلئے پلاننگ ہو رہی ہے ، کے پی میں جنید اکبر نے اعلان کردیا ہے لوکل سطح پر جلسے شروع ہو گئے ہیں میرے حلقے میں جمعہ کو جلسہ ہو گا،مختلف شہروں میں کارکنوں کو متحرک کیا جارہا ہے ،جب 5 اگست کو کال آجائے تو کارکن احتجاج میں شامل ہوجائیں گے ،ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ مذاکرات سے ہم انکار نہیں کررہے ،حکومت کا جو رویہ ہے جو حکومت نے ماحول بنا دیا ہے ایسے ماحول میں مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں، پنجاب میں منی مارشل لا ہے ۔رہنما مسلم لیگ(ن)افنان اللہ خان نے کہا کہ ہم کسی صورت ریاست کی رٹ کوچیلنج نہیں ہونے دیں گے ، کسی کواسلام آباد میں جتھے لانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، تحریک انصاف نے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ پرحملہ کیا، تحریک انصاف انتشارکی سیاست سے باہر نکلے ۔ ہمیشہ کوشش کی معاملات مذاکرات سے حل کیے جائیں، تالی ایک ہاتھ سے نہیں دونوں ہاتھ سے بجتی ہے ،پی ٹی آئی والوں کا لیڈرکرپشن کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے ، یہ چاہتے ہیں ان کو چھوڑ دیا جائے ،ان کے مطالبے پر بانی پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑا جاسکتا ، اس کیلئے پی ٹی آئی کو قانون پر چلنا ہو گا، مذاکرات کا ماحول بنانا تحریک انصاف کی زیادہ ذمہ داری ہے ،پی ٹی آئی کی قیادت ایسا کام کرے جس سے ماحول بنے ،پی ٹی آئی والے بھی ہردن دھمکیاں دیتے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن) کا مزید کہنا تھا کہ فائنل کال کے بعد ان کی یہ کال بھی گزرجائے گی، بانی پی ٹی آئی کے بیٹے برطانوی شہری ہے ، ہم کسی برطانوی شہری کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔