ایران ،پاکستان،سعودیہ،ترکیہ ملکر اتحاد بنا سکتے :ایرانی سفیر
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے 12 روز تک ایران پر جارحیت کی، اس دوران پاکستان کی حکومت اورعوام ایران کو سفارتی سطح پر سپورٹ کر رہے تھے۔۔۔
پاکستانی وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے جارحیت کی مذمت کی، پاکستانی مندوب جو ہمیں سٹینڈ چاہیے ہوتا تھا لیتے تھے، پاکستان کے سینیٹ اور قومی اسمبلی نے ہمارے حق میں قرار داد پیش کی ، ہم اس سپورٹ پر پاکستان کے مشکور ہیں۔پاک ایران سکیورٹی تعاون جاری ہے اور رہے گا۔ شاید کوئی حادثہ بھی موثر نہ ہوتا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے اتنے نزدیک آتے ، دونوں ممالک کے عوام اور حکومتیں نزدیک آئی ہیں، شہدا کے جنازے میں ایرانی پرچم کے ساتھ ساتھ عوام کے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے تھے ، پاکستانی حکومت،عوام،دینی حلقے اور میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ صہیونیوں کو امریکا اور یورپ سپورٹ کر رہے ہیں، وہ صہیونیوں کو اس علاقے کا چودھری بنانا چاہتے ہیں، ایران ،پاکستان، سعودیہ، ترکیہ، مل کر اتحاد بنا سکتے ہیں، پاکستان،ایران اورترکیہ مل جائیں تو دنیا کی کوئی قوت ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی، سعودیہ بھی اہم ہے ،اگراس اتحاد میں چین آجاتا ہے تو بہت اچھا ہے۔