اخباری اشتہاروں کے نرخ بڑھانے پر جلد عملدرآمد ہوگا : عطا تارڑ

اخباری اشتہاروں کے نرخ بڑھانے پر جلد عملدرآمد ہوگا : عطا تارڑ

لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنے کہا وفاقی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے اخباری اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ پر جلد ہی عملدرآمد کرے گی کیونکہ یہ حکومت ایک متحرک پرنٹ میڈیا کی ترقی کو جعلی خبروں کے تدارک کیلئے ضروری سمجھتی ہے۔

اے پی این ایس ایگزیکٹواراکین کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اخباری صنعت کو در پیش ادائیگیوں کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت نے میڈیا کو 6 ارب روپے کی ادائیگی کی ہے ،انہوں نے اعلان کیا کہ ادائیگیوں اور اشتہارات کے حجم میں پرنٹ میڈیا کا حصہ بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے ،انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت اطلاعات اس امر کی بھر پور کوشش کرے گی کہ تمام واجبات با قاعدگی سے ادا ہوں اور کوئی بھی ادائیگی التواء کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام فریقوں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو سنٹرل میڈیا لسٹ سے ڈمی اخبارات کو خارج کرنے پر غور کرے گی اس عمل سے باقاعدہ شائع ہونے والے اخبارات کے مالی حالات بہتر ہو نگے ۔ انہوں نے اخبارات کو مشورہ دیا کہ پرنٹ میڈیا کو در پیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کیلئے اخبارات کو جدید طریقے اختیار کرنا ہوں گے۔

قبل ازیں وزیر اطلاعات کو اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی اور مجلس عاملہ کے اراکین نے اخباری صنعت کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا،اراکین نے بتایا کہ وزیر اعظم نے اگست 2023ء میں سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ کا اعلان کیا تھا لیکن اس فیصلہ پر یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک عمل درآمد نہیں ہو سکا ،اخبارات واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ حکومت کی طرف سے کی جانے والی ادائیگیوں میں بڑا حصہ الیکٹرانک میڈیا کو مختص ہو جاتا ہے جبکہ اخبارات کو 20 فیصد سے بھی کم حصہ ملتا ہے ، انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ اشتہارات کے حجم میں پرنٹ میڈیا کیلئے موزوں حصہ مقرر کیا جائے ، اراکین نے اس مطالبہ کو دہرایا کہ پی آئی ڈی کے علاقائی دفاتر کو اپنے علاقے کا میڈ یا تجویز کرنے کا اختیار دیا جائے ۔سیکرٹری اطلاعات امبرین جان ، پی آئی او مبشر حسن اور وزارت کے دیگر افسر عشائیہ میں شریک تھے جبکہ اے پی این ایس کی نمائندگی کیلئے سیکرٹری جنرل محمد اطہر قاضی، سیکرٹری فنانس نویدکا شف اور ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین شامل تھے۔

آل پاکستان نیوز پیپرسوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت سینیٹر سرمد علی نے کی ،اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے اجلاس کے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اراکین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ طویل عرصہ سے زیر التوا واجبات کی جلدادائیگی کی جائے تا کہ اخباری صنعت در پیش مالی بحران کا مقابلہ کر سکے ۔ اراکین نے ڈی جی پی آر کی طرف سے پچھلی حکومتوں کے ادوار سے متعلق واجبات کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا ، اجلاس نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ اے پی این ایس کے صدر کی قیادت میں ایک وفد صوبہ سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سے ملاقات کر کے طویل عرصہ سے واجب الا دانان بجٹڈ اشتہارات کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کرے گا۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے ایڈور ٹائزنگ کمیٹی کی رپورٹ منظور کرتے ہوئے میسر ز برانڈ اسپیکٹرم (پرائیویٹ) لمیٹڈ لاہور کی عبوری ایکریڈیٹیشن کی منظوری دی۔اجلاس میں فنانس سیکرٹری نوید کا شف ،جوائنٹ سیکرٹری محسن بلال ،محسن سیال ( آفتاب )، بلال فاروقی ( آغاز ) عنصرمحمود بھٹی (ماہنامہ سنٹر لائن ) ، فوزیہ شاہین (ماہنامہ دستک )نجم الدین شیخ ( روزنامہ دیانت )، جاوید مہرشمسی(روز نامہ کلیم)، امتنان شاہد (روز نامہ خبریں )، بلال محمود (نوائے وقت)، راسخ منیر (روز نامہ مشرق پشاور )، عامر ملک (روز نامہ مشرق کوئٹہ ) ، ایس ایم منیر جیلانی (روزنامہ پیغام ) ، عثمان مجیب شامی (روزنامہ پاکستان) فیصل زاہد ملک (روزنامہ پاکستان آبزرور ) خوشنود علی خان (روز نامہ صحافت )، ہمایوں گلزار (روزنامہ سیادت)، عمران اطہر (روز نامہ تجارت )اور سید ہارون شاہ (روز نامہ وحدت )شریک ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں