بلوچستان:اغوا کے بعد 9مسافرقتل:باجوڑ:مولانا خان زیب ،پولیس اہلکار شہید

بلوچستان:اغوا کے بعد 9مسافرقتل:باجوڑ:مولانا خان زیب ،پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ،باجوڑ(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )کوئٹہ سے پنجاب جانیوالی 2 بسوں سے 9مسافروں کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا،والد کے جنازے میں شرکت کیلئے دنیا پور جانیوالے 2بھائی بھی قتل ہونیوالوں میں شامل ہیں ۔

اے سی ژوب نوید عالم کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔قتل کئے جانے والے مسافروں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے ۔ دہشت گردوں نے مسافروں کو بس سے شناختی کارڈ چیک کر نے کے بعد اتارا اور قریبی علاقے میں گولیاں مار دیں ۔قتل ہونے والے مسافروں کی میتوں کو رکھنی ہسپتال منتقل کردیا گیا، دو سگے بھائیوں عثمان طور اور جابر طور کا تعلق تحصیل دنیا پور سے تھا۔ دونوں بھائی اپنے والد نذیر طور کے انتقال پر تجہیز و تکفین میں شرکت کے لیے دنیا پور آ رہے تھے کہ دہشتگردوں کا نشانہ بن گئے ۔قبل ازیں ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا تھا کوئٹہ، قلات، مستونگ اور سر ڈھاکہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے حملے کیے ہیں، تینوں مقامات پر سکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور رسپانس دیا۔لیویز ذرائع کے مطابق لورالائی کے علاقے میختر کے قریب مسلح افراد نے این 70 بلوچستان پنجاب شاہراہ پر ناکہ بندی کردی اور سرڈھاکہ کے مقام پر 2 مسافر بسوں سے 9 مسافروں کو شناخت کے بعد ساتھ لے گئے ۔دوسری جانب تحصیل خار ہیڈ کوارٹر باجوڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما مولانا خان زیب سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق مولانا خان زیب باجوڑ میں 13 جولائی کو ہونے والے امن مارچ کے حوالے سے مہم چلا رہے تھے کہ شنڈئی موڑ میں نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے مولانا خان زیب اور پولیس اہلکار شیر زادہ موقع پر شہید ہو گئے جبکہ تین ساتھی شدید زخمی ہو گئے ۔

فائرنگ سے زخمیوں میں ڈاکٹر طارق، شاہ سوار اور عثمان شامل ہیں، مولانا خان زیب کی نماز جنازہ آج 11 جولائی جمعہ دن 11 بجے آبائی علاقہ ناوگئی میں ادا کی جائیگی۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا واقعے کا نوٹس، رپورٹ طلب کرلی۔ گنڈاپور نے فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لانے کا حکم دے دیا۔گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے اے این پی رہنما مولانا خان زیب کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے مولانا خان زیب سمیت دو افراد کے جاں بحق ہونے پرافسوس کا اظہار کیا ہے ۔صدر اے این پی سینیٹر ایمل ولی خان نے مولانا خان زیب کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی اس واقعے پر ریاست کے خلاف ایف آئی آر درج کرائے گی۔اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے واقعے کی شدید مذمت کی اور اپنے بیان میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا،میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ اے این پی خیبر پختونخوا کی تنظیم صوبے میں 3 روزہ سوگ منائے گی، اس دوران تمام سرگرمیاں معطل اور سرنگوں پارٹی پرچم کے ساتھ سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں