وزارت غذائی تحفظ اور اپٹما میں کپاس سیس تنازع پر معاہدہ
اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(اپٹما) اور پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی(پی سی سی سی ) کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پایا، جس کے تحت طویل عرصے سے جاری کپاس سیس کا تنازع حل کر لیا گیا۔
وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے تاریخی پیشرفت قرار دیا اور کہا جدید تحقیق، بیجوں کی اصلاح، بہتر زرعی مداخلت اور مؤثر ریگولیٹری اداروں کے ذریعے کپاس کی فصل کی حکمت عملی کے تحت بحالی کی ضرورت ہے ۔ ٹیکسٹائل صنعت اور کاشتکاروں سے روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے جلد لاہور میں اپٹما ہاؤس کا دورہ کروں گا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر رانا تنویر سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں زراعت، غذائی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی نظام پر دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پانی کے وسائل کے مؤثر استعمال، خشک علاقوں میں کاشتکاری، اور جدید ٹیکنالوجی کے اطلاق کے حوالے سے پاکستان مصر کے کامیاب تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا اور بیجوں کی ترقی، زرعی سائنس، ڈرِپ اریگیشن، استعداد کار میں اضافے ، اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔ دونوں ممالک نے مصر کی ڈرِپ اور ہائی ایفیشنسی اریگیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں معلومات اور تجربات کے تبادلے پر اتفاق کیا۔