قصور:نوجوان کی حوالات میں خودکشی،4اہلکاروں پر مقدمہ

قصور:نوجوان کی حوالات میں خودکشی،4اہلکاروں پر مقدمہ

قصور،الہ آباد ،تھہ شیخم(نمائندگان دنیا ،خبرنگار،نامہ نگار)تھانہ گنڈا سنگھ والا میں حبسِ بے جا میں رکھنے پرنوجوان نے حوالات میں پھندا لیکر خودکشی کرلی، ڈی پی او عیسیٰ خاں سکھیرا نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او، اے ایس آئی سمیت چار اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

 ایس ایچ او اور اے ایس آئی موقع سے گرفتار جبکہ دیگر اہلکار تھانے سے فرار ہو گئے ۔ تھانہ گنڈا سنگھ والا کی حوالات میں نوجوان حمید عاشق کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی جسے اے ایس آئی سلیم نے مبینہ طور پر حبسِ بے جا میں بند کر رکھا تھا۔ کاندوکھار چونیاں کے رہائشی حمید عاشق جسے پولیس رات گئے پکڑ کر لائی تھی اس نے دلبرداشتہ ہوکر پنکھے سے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں ۔ ڈی پی او عیسیٰ خان سکھیرا نے واقعہ کا فوری نوٹس لیکر ایس ایچ او فرحان ، اے ایس آئی سلیم، محررشبیر اور نائب محرر ندیم الرحمٰن کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ ڈی پی او نے واقعہ کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا اورکہا کہ غفلت یا ناانصافی ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس فرارہونیوالے اہلکاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں