تاجربرادری کا19 جولائی کو ملک گیر پرُامن ہڑتال کا اعلان

تاجربرادری کا19 جولائی کو ملک گیر پرُامن ہڑتال کا اعلان

کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر،کامرس رپورٹر) پاکستان کی تاجر برادری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے بڑھتے ہوئے اختیارات کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے 19جولائی 2025 کو ملک گیر پرامن ہڑتال کا اعلان کردیا ۔

یہ فیصلہ کراچی چیمبرکے صدر جاوید بلوانی کی زیر قیادت ہونے والے مشاورتی اجلاس کے بعد کیا گیاجس میں ملک کے تمام بڑے چیمبرز نے شرکت کی۔ ملک بھر کے تمام تمام بڑے چیمبرز ایک پیج پر جمع ہو گئے جن میں لاہور، فیصل آباد،سیالکوٹ، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی چیمبر سمیت کاروباری برادری کی تمام بڑی تنظیمیں ایف بی آر کے خلاف اس مشترکہ موقف پر متفق ہوگئی ہیں کہ آئندہ کسی قسم کے اضافی اختیارات، بالخصوص ٹیکس قوانین کی دفعات 37A، 37B اور سیکشن 21، کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے ۔ کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے ساتوں صنعتی زونز 19 جولائی کو مکمل طور پر بند رہیں گے اور کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ان کے مطابق یہ ایک روزہ پرامن ہڑتال ہوگی جس کے بعد اگر حکومت نے بزنس کمیونٹی کے خدشات دور نہ کیے تو مرحلہ وار ہڑتالوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین خرم لودھی، احسن شاہد اور آمنہ رندھاوا نے پریس کانفرنس میں کہا 19 جولائی کی ہڑتال محض احتجاج نہیں بلکہ پاکستان کے معاشی مستقبل کا فیصلہ کن لمحہ ہے ، کاروبار دشمن اقدامات کاروباری سرگرمیوں کو مفلوج کر دیں گے ، بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے ایف بی آر حکام کو دی گئی غیر معمولی گرفتاری کی طاقت، تاجروں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک اور بغیر مشاورت کیے جانے والے معاشی فیصلوں کی شدید مذمت کی اور ان اقدامات کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا 2 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن پر بھاری ٹیکس ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں