آگ بجھاتے عمارت گرنے سے ریسکیواہلکار شہید ،3زخمی
لاہور (کرائم رپورٹر)کھوکھرٹاؤن بندروڈ پر پلاسٹک فیکٹری میں آگ بھجانے کے دوران عمارت گرنے سے ایک ریسکیواہلکار شہید اور 3زخمی ہوگئے ۔
ترجمان ریسکیو 1122کے مطابق ریسکیوٹیم بندروڈ پر کھوکھرٹاؤن میں پلاسٹک فیکٹری میں آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف تھی کہ اچانک عمارت زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں اہلکار ملبے تلے دب گئے ۔ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے تین زخمی اہلکاروں کو ملبے سے نکال کر میو ہسپتال منتقل کیا جبکہ شہید اہلکار ناظم حسین کی لاش بھی نکال لی گئی ۔ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے میو ہسپتال میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔متاثرہ عمارت کے ملبے کو کلیئر کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا جبکہ واقعہ کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ جلد جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔