پی ٹی آئی اراکین کا پنجاب اسمبلی کے سامنے علامتی اجلاس
لاہور(سٹی رپورٹر)تحریک انصاف کے 26 صوبائی اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملہ پرتحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے احتجاجاً پنجاب اسمبلی کے سامنے اپنا علامتی اجلاس منعقد کیا ۔
اجلاس کے دوران پولیس کی بھاری نفری پنجاب اسمبلی کے دروازے کے سامنے تعینات رہی۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے منعقد کیے جانے والے اجلاس میں تحریک انصاف کے کم و بیش 30 کے قریب اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ صوبائی حکومت عوام کے اصل نمائندوں کی طاقت سے خوف زدہ ہوچکی ہے ۔ اپوزیشن رہنما پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں بیمار ذہنیت کے حامل حکمران مسلط ہیں جن کی ناقص پالیسیوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ۔اُن کا کہنا تھاکہ ڈی سیٹ کیے جانے والے اراکین کی بحالی تک اُن کا احتجاج جاری رہے گا۔ اُنہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ بعدازاں اجلاس کے آغاز کے بعد سب سے پہلی قرارداد زراعت کی زبوں حالی کے حوالے سے منظور کی گئی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت کسان دشمن پالیسیوں کو ختم کرکے اُن کی بہتری کے لیے اقدامات اُٹھائے ۔اِس دوران نعرہ بازی بھی ہوتی رہی۔علامتی اجلاس کے دوران پولیس کی نفری نے پنجاب اسمبلی کے دروازے کو گھیرے میں لیے رکھا۔