عمران ہتک عزت کیس شہباز شریف کا لیگل نوٹس ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور کی سیشن کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کرتے ہوئے شہباز شریف کے لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کرلی ۔
ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے محفوظ فیصلہ سنادیا ۔عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو مزید ثانوی شہادت جمع کروانے کی اجازت دے دی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے وزیراعظم کی درخواست کی مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس سٹیج پر ثانوی شہادت دینے اور لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنا سکتے ۔وکیل نے استدعا کی کہ عدالت شہباز شریف کی درخواست خارج کرے جبکہ وزیر اعظم کے وکیل نے کہا قانون مزید ثانوی شہادت جمع کروانے کی اجازت دیتا ہے عدالت درخواست کو منظور کرے ۔عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ وزیراعظم نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کررکھا ہے ۔