پی ٹی آئی صرف احتجاج کی چیمپئن ،پنجاب نہیں نکلے گا:عظمٰی بخاری
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے پی ٹی آئی کو صرف احتجاج کی چیمپئن قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری فنڈز کو تحریک میں جھونکنے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں،پہلے بھی پنجاب نہیں نکلا تھا، اب بھی نہیں نکلے گا، ایک مہاتما نے والدہ کے نام پر تو ہسپتال بنوایا، مگر نہ کوئی اور ہسپتال بنایا اور نہ ہی کسی موجودہ ہسپتال کو بہتر کیا۔
ہیلتھ کارڈ اب بھی نجی ہسپتالوں میں جاری ہے ، بلوچستان میں فتنۂ الخوارج کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا ورنہ امن و خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر کا قلع قمع کرنا ناگزیر ہو چکا ہے ۔ انسانی حقوق کے چیمپئنز ہر مظلوم کی آواز بلند کرتے ہیں، لیکن پنجابیوں کے قتل پر سب کی آنکھیں بند ہیں۔ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی صحت کے شعبے میں خصوصی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ صحت مریم نواز کا پہلا اور بنیادی فوکس ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں بھی اب فری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی صرف احتجاج کی سیاست جانتی ہے ،ہم نے ایم پی ایز کو دی جانے والی دھمکیوں کا جواب پہلے بھی نہیں دیا، اب بھی نہیں دیں گے ۔