مبینہ پولیس مقابلے ، 2ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
نارنگ منڈی، کالا شاہ کاکو،ساہیوال ،قصور (نمائندگان دنیا، نامہ نگار،خبرنگار)مبینہ پولیس مقابلوں میں 2ڈاکواپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔
بتایاگیاہے کہ سی سی ڈی مریدکے پولیس اشتہاری ملزم ارشد عرف مچھر کی گرفتاری کیلئے جارہی تھی کہ نارنگ کے نواح محمدی والا روڈپر ناکہ لگاکر لوٹ مارکرنیوالے ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑی کو دیکھ کر فائرنگ کردی،اس دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے فیصل آباد کا رہائشی ڈاکو طارق سلطان ہلاک ہوگیا۔ادھر قصور کے نواح میں سی سی ڈی انسپکٹر اعجاز پولیس ملازمین کے ہمراہ گشت کررہاتھاکہ روشن بھیلہ میں بائی پاس نظام پورہ میں کٹ کے قریب 3 مشکوک افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی ،اسی دوران سلیم نامی ڈاکو ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو گیا اور ہسپتال لیجاتے راستے میں ہی دم توڑگیا۔دریں اثناساہیوال میں سی سی ڈی کی ٹیم یوسف والا نورشاہ روڈ پر گشت کررہی تھی پل بارشن 73/4-Rکے قریب اشتہاری ملزم محمد بلال عرف بلا وغیرہ فائرنگ کرتے ہوئے فصلوں میں فرارہوگئے ،اسی دوران ملزم بلال زخمی حالت میں پکڑاگیاجو 40مقدمات میں ملوث ریکارڈ یافتہ ہے ۔