فراڈ کیس:سابق چیئرمین فیسکو کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)آن لائن فراڈ کیس کے مرکزی ملزم و سابق چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان نے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرالی ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم وِنگ نے حساس ادارے کے ساتھ مل کر چند روز قبل تھانہ بلوچنی کے علاقے 54 ر۔ ب میں سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر 149 ملکی و غیر ملکی افراد کو حراست میں لے لیا تھا، جہاں انویسٹمنٹ اور پونزی سکیم کا جھانسہ دیکر اربوں روپے کا آن لائن فراڈ کیا جا رہا تھا،تاہم مرکزی ملزم تحسین اعوان موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ اس حوالے سے این سی سی آئی اے کی جانب سے سات مقدمات کا بھی اندراج کیا گیا ہے جبکہ ان کیسز کے مرکزی ملزم ملک تحسین اعوان کی جانب سے عبوری ضمانت کے حصول کیلئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اقبال ہرل کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ۔ جس پر عدالت کی جانب سے 19 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔