علی امین گنڈاپور کا دورہ لاہور کوئی تحریک نہیں:تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کا دورہ لاہور کوئی تحریک نہیں ہے ،لوگ سڑکوں پر نکلیں اسکے کوئی آثار نہیں ۔
دنیانیوز کے پروگرامتھنک ٹینک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہااپوزیشن کا مقصدیہ ہوتا ہے کہ حکومت کو پریشر میں رکھا جائے ،اس حد تک علی امین گنڈا پور کامیاب ہونگے اورارکان اسمبلی کو ذمہ داری اسلئے دی کیونکہ یہ ووٹ سے منتخب ہوتے ہیں،یہ ارکان اپنے ووٹرز کو متحرک کرسکتے ہیں۔ اس موقع پرتجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا تحریک انصاف احتجاج کا اعلان کر چکی ہے ، اس حوالے سے پنجاب کو متحرک کرنے کا فیصلہ ہوا ہے ،پنجاب کو متحرک کرنے کی ذمہ داری پختونخوا کو ملی ہے ،اس بار احتجاج کو موثر بنانے کی ارکان اسمبلی کو ذمہ داری اسلئے دی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کا نظریہ ہے جب ارکان اسمبلی کو پکڑا جائے گا توبڑی خبر بنے گی۔ تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا مجھے نہیں پتا علی امین گنڈاپور کا میچ فکس ہے ،لاہور میں اجلاس کا مقصد یہی تھا ارکان اسمبلیوں کو ذمہ داریاں دی جائیں،لاہور میں ارکان اسمبلیوں کا جمع ہونا پھر ان کو ذمہ داریاں دینا یہ بھی احتجاجی تحریک کا نقطہ آغاز ہے ، تحریک کا کیا مقصد ہو گا یہ ابھی واضح نہیں ۔ تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا علی امین گنڈا پور پہلے جب پنجاب آرہے تھے تو دھمکیاں دی تھیں، اس بار کوئی سخت بیان نہیں دیا تو پھر پنجاب حکومت نے آنے دیا، کوئی سختی نہیں کی نہ ہی قافلہ رو کا ہے ، تحریک انصاف نے کہا تھا کہ ہم علامتی احتجاج کرینگے ، پنجاب کے ارکان اسمبلی کیساتھ اظہار یکجہتی کرینگے ،اب تحریک انصاف کے لوگ لاہور آئے ہیں، اس میں حکومت اور عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔