گھریلو تنازع پر پھوپھی کو مار ڈالا ،فرار قاتل کی لاش برآ مد

 گھریلو تنازع پر پھوپھی کو مار  ڈالا ،فرار قاتل کی لاش برآ مد

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)گھریلو تنازع پر نوجوان نے فائرنگ کرکے پھوپھی کو قتل کردیا،واردات کے بعد فرار ملزم کی لاش بھی مل گئی۔

تھانہ کینٹ کے علاقہ کے رہائشی عادل نعیم کیمطابق اسکا کزن احسن ندیم ساکن ماڈل ٹائون اپنے دوست ساحل کے ہمراہ انکے گھر آیا اور گھر یلو تنازع پر فائرنگ کرکے اسکی والدہ آمنہ بی بی ، جو رشتہ میں ملزم کی پھوپھی تھی ، کو قتل کردیا او ر فرار ہوگیا، دوسری جانب احسن ندیم کے والد ندیم کی جانب سے کرائی گئی ایف آئی آر کیمطابق اسے اطلاع ملی کہ اسکے بیٹے احسن ندیم نے اپنی پھوپھی کو قتل کردیا ہے ، وہ اس کو ڈھونڈنے کیلئے نکلے تو بوتھ کمانوالہ روڈ پر احسن ندیم کی لاش ملی جسے کسی نے پیشانی پر گولی مار کر قتل کردیا تھا اور اسکی موٹر سائیکل نمبر ایس ٹی پی6542بھی وہیں کھڑی تھی، پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔نمائندہ دنیا کے مطابق ملزم گارمنٹس کی شاپ پر سیلز مین تھا، قریبی بوتیک پر(ر)نامی لڑکی کیساتھ تعلق استوار ہو گئے جس سے شادی کرنا چاہتا تھا ، احسن کو والدین کہتے تھے شادی کیلئے آپ کی پھوپھی نہیں مان رہی جس پر ملزم نے طیش میں آ کر پھوپھی کو گھر میں اکیلی پا کر قتل کر دیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں بعد ملزم کی لاش اسی گاؤں بھڑتھ میں ملی ، شبہ ہے کہ ملزم نے خود کشی کی ہے ۔وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی کو قبضہ میں لے کر معاون ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں