شیر افضل نے پارٹی کو نقصان پہنچایا، اسی لیے نکالا گیا،حلیم عادل
میرپورخاص(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سابق جج شیر افضل مروت کو سیاست کا گندا انڈہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کا جج کے طور پر بھی کرپٹ افراد میں شمار ہوتا تھا۔
راجہ ہاؤس میرپورخاص میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی اور اس کے رہنماؤں پر بے بنیاد الزامات لگائے ، جس پر اسے پارٹی سے نکال دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ دو سال سے بے گناہ جیل میں قید ہیں، مگر اب ہمارا صبر ختم ہو چکا ہے ۔ تحریک انصاف اب خیبر سے کراچی تک آر یا پار کی بنیاد پر ایک فیصلہ کن تحریک کا آغاز کر رہی ہے ۔ اگر قاسم اور سلیمان (بانی پی ٹی آئی کے بیٹے )بھی اس تحریک کا حصہ بنتے ہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے ، وہ ہمارے شہزادے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کی گئی ہے ، جس کے دور میں عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا شکار ہو چکی ہے ۔ پیٹرول، گیس، آٹا اور بجلی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں، لوگ خودکشیاں اور بچوں کی فروخت جیسے سنگین اقدامات پر مجبور ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا نظریہ آج بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کے دلوں میں بس چکا ہے اور اب پوری قوم اس ناجائز حکومت کے خلاف کھڑی ہو چکی ہے ۔ آئین کو مسخ کر دیا گیا ہے ، فسطائیت اور جبر کا یہ دور اب اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے ۔حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا کہ 5 اگست کو ہونے والی تحریک میں عوامی قوت واضح ہو گی اور حکومت کو عوامی فیصلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تحریک سے حکومت خوفزدہ ہے اور مختلف حربوں کے ذریعے عوام کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، مگر اب عوام مزید خاموش نہیں بیٹھے گی۔