مہنگی بجلی :ایک ماہ میں 1 ہزار میگاواٹ کے سولرپینلز لگوالئے گئے

مہنگی بجلی :ایک ماہ میں 1 ہزار  میگاواٹ کے سولرپینلز لگوالئے گئے

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سولر نیٹ میٹرنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، ایک ماہ کے دوران سولر نیٹ میٹرنگ میں ایک ہزار میگاواٹ تک اضافہ ہوا۔

ذرائع وزارت توانائی کے مطابق جون کے آخر تک ملک میں چھ ہزار میگاواٹ سے زائد کی سولر نیٹ میٹرنگ ہو چکی ہے ، مئی میں سولر نیٹ میٹرنگ کی استعداد پانچ ہزار میگاواٹ سے زائد تھی۔ ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا ہے مزید 900 میگاواٹ سے زائد کی درخواستیں حکومت کے پاس آئی ہیں۔ یہ وہ سولر صارفین ہیں جو نیٹ میٹرنگ کیلئے حکومت کے پاس آتے ہیں، آف گرڈ سولر صارفین کے اعدادوشمار حکومت کے پاس موجود ہی نہیں کہ کتنا سولر لگا چکا ہے ۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بتایا کہ سولر نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کی جارہی ہے اور ایک دو ہفتوں کے دوران کابینہ کے پاس پالیسی لے کر جائیں گے جس میں سولر نیٹ میٹرنگ کے نرخوں کو تبدیل کیا جائے گا۔ وزارت توانائی کے مطابق سولر صارفین سے حکومت کو بجلی کی خریداری فی یونٹ 27 روپے تک پڑتی ہے ان نرخوں کو کم کیا جائے گا۔ اس بات کا امکان ہے کہ حکومت سولر صارفین سے فی یونٹ بجلی خریداری 11 روپے میں کرے تاہم اس کیلئے کابینہ کی منظوری ضروری ہے ، اس سے پہلے بھی وزارت توانائی کابینہ میں سولر نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیلی کیلئے لے کر گئی تھی لیکن منظوری ممکن نہ ہوسکی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں