اس بار احتجاج میں مرکزی لیڈر شپ آگے ہو گی:شوکت یوسف زئی
لاہور (دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام ’’ دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسف زئی نے کہا اس بار احتجاج میں مرکزی لیڈر شپ آگے ہو گی،ورکر ز پیچھے ہوں گے ،ہماری پر امن تحریک چلتی رہے گی۔
حکومت روکنے کی کوشش نہ کرے ۔شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کے پی کے میں جس نے سیاست کرنی ہے وہ ہمارے علاوہ کسی اور جانب نہیں دیکھ سکتا ، جو لوگ ہمیں چھوڑ گئے ، وہ کے پی کے میں سیاست نہیں کر سکتے ، جنہوں نے پارٹی کے خلاف ووٹ دیا انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ، ہم نے سیاست میں بڑی سختیاں برداشت کی ہیں، جنہوں نے عمران کے خلاف زیادہ بیانات نہیں دیے ،وہ اگر پارٹی میں واپس آنا چا ہئیں تو موقع دیا جا سکتا ہے ،پرویز خٹک کی وجہ سے یہاں کی سیاست میں کوئی تبدیلی نہیں آنے والی ، جوڑ توڑ کی سیاست اب یہاں نہیں چل سکتی ،ہم پہلے بھی تحاریک چلاتے رہے ہیں ، علی امین نے کہا 90 دن تک تحریک چلے گی ، کبھی کو ئی ایمرجنسی ہو جاتی ہے تو لوگ واپس چلے جاتے ہیں ، پھر نیا لائحہ عمل دیا جا تا ہے ،5 اگست کی تحریک اپنی جگہ موجود ہے ، اس کی تیاریاں ہو رہی ہیں ، ہماری پر امن تحریک چلتی رہے گی ، حکومت روکنے کی کوشش نہ کرے ،یہ ہمارا آئینی حق ہے ، پوری کوشش ہے عوام حکومت کے خلاف نکلیں ، پنجاب میں ہما ری مین لیڈر شپ جیل میں ہے ، لیکن یہاں بھی امید ہے لوگ باہر نکلیں گے ، ہم مشاورت کے ساتھ پوری تیاری سے نکلیں گے ۔